03/11/2026
اہم وضاحت اور عوامی اپیل
ایم ٹی آئی بنوں
سوشل میڈیا پر گل خان، گل خان پرو، گل مکئی اور شوشیت خان،بنوں پلس وغیرہ کے نام سے سرگرم فیک اکاؤنٹس کی جانب سے مسلسل ایم ٹی آئی بنوں، اس کے ہسپتالوں اور ادارے کے ملازمین کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا، بے بنیاد الزامات اور غیر اخلاقی مواد پھیلایا جا رہا ہے۔ ان اکاؤنٹس کے ذریعے قابلِ احترام ملازمین کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کیے جاتے ہیں، جھوٹی اور من گھڑت باتیں پھیلائی جاتی ہیں اور بالخصوص خواتین ملازمین کی عزت و وقار کو نشانہ بنا کر ان کی کردار کشی کی جاتی ہے۔ یہ محض تنقید نہیں بلکہ ادارے اور اس کے عملے کو بدنام کرنے کی ایک مسلسل اور منظم کوشش ہے، جسے ایم ٹی آئی بنوں سختی سے مسترد کرتا ہے۔
یہ امر بھی قابلِ توجہ ہے کہ مذکورہ اکاؤنٹس کی سرگرمیوں کا محور بظاہر صرف ہسپتالوں، ادارے کے انتظامی معاملات اور ملازمین کے خلاف منفی مہم چلانا رہ گیا ہے۔ عوام کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ جو عناصر ہر وقت اداروں کے خلاف الزامات، کردار کشی اور بے بنیاد پروپیگنڈے میں مصروف رہیں، ان کی باتوں کو حقائق کا درجہ نہیں دیا جا سکتا۔ اختلاف یا تنقید کے نام پر کسی کی عزت اچھالنے اور خصوصاً خواتین ملازمین کو نشانہ بنانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
ایم ٹی آئی بنوں ضلعی انتظامیہ، عوام الناس اور تمام متعلقہ اداروں سے واضح اپیل کرتا ہے کہ مذکورہ اکاؤنٹس کی جانب سے پھیلائی جانے والی جھوٹی، من گھڑت اور غیر مصدقہ باتوں پر ہرگز یقین نہ کریں اور نہ ہی تحقیق کے بغیر ایسے پروپیگنڈے کو آگے پھیلائیں۔ کسی بھی الزام کی حقیقت جاننے کے لیے ادارے کا مؤقف اور مستند حقائق معلوم کرنا ضروری ہے۔
واضح رہے کہ ایم ٹی آئی بنوں میں عوامی شکایات کے ازالے کے لیے باقاعدہ شکایات سیل کا نظام موجود ہے۔ جب بھی کسی مریض، لواحقین یا شہری کو کوئی حقیقی شکایت درپیش ہوتی ہے تو وہ متعلقہ شکایات سیل سے رجوع کر سکتا ہے، جہاں شکایات کو سنا جاتا ہے اور ان کے حل کے لیے باقاعدہ اقدامات کیے جاتے ہیں۔ لہٰذا حقیقی شکایت کے لیے ایک مؤثر ادارہ جاتی فورم موجود ہونے کے باوجود سوشل میڈیا پر جھوٹے الزامات اور کردار کشی کی مہم چلانا کسی طور قابلِ قبول نہیں۔
ایم ٹی آئی بنوں اپنے ادارے اور ملازمین کے وقار کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔ ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ جائز تنقید اور حقیقی شکایت کا ہمیشہ خیرمقدم کیا جائے گا، لیکن جھوٹے پروپیگنڈے، منظم کردار کشی، نازیبا زبان اور ملازمین، بالخصوص خواتین کی عزت مجروح کرنے کی کسی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ عوام سے اپیل ہے کہ ایسے عناصر کے منفی پروپیگنڈے کا حصہ نہ بنیں اور اداروں کے خلاف کسی بھی گمراہ کن مہم کو پھیلانے سے گریز کریں۔