18/10/2026
پاکستان میں صحت کا بحران: عطائیت، منافع بخش کاروبار اور انسانی جانوں سے کھلواڑ
پاکستان میں شعبہ صحت اس وقت ایک انتہائی نازک اور تشویشناک صورتِ حال سے دوچار ہے۔ جس پیشے کو دنیا بھر میں تقدس، انسانیت کی خدمت اور آلامِ روزگار سے نجات کا ذریعہ سمجھا جاتا ہے، وہ ہمارے ہاں بدقسمتی سے کم سے کم سرمایہ کاری اور زیادہ سے زیادہ منافع کمانے کا سب سے آسان اور مؤثر کاروبار بن چکا ہے۔ اس تلخ حقیقت سے انکار ممکن نہیں کہ ہمارے گلی، محلے، قصبوں اور دیہاتوں میں عطائیت نے ایک موذی وباء کی طرح جڑیں مضبوط کر لی ہیں، اور یہ بھیانک کھیل مختلف بھیس بدل کر بلا خوف و خطر جاری ہے۔
عطائیت کی شکلیں اور اس کی وسعت ہمارے معاشرتی تنزل کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ کسی ڈاکٹر کے کلینک پر چند ماہ کا تجربہ حاصل کر لینے والا شخص خود کو معالج سمجھنے لگتا ہے۔ نرسنگ، ایل ایچ وی یا ڈسپنسنگ کا مختصر ڈپلومہ رکھنے والے افراد، جو ہسپتالوں میں ملازمت کرتے ہیں، شام کو اپنے گھروں میں باقاعدہ گائنی سینٹر یا کلینک کھول کر بیٹھ جاتے ہیں۔ اسی طرح آپریشن تھیٹر کے اسسٹنٹ پارٹ ٹائم سرجن بن کر جراحی پروسیجرز شروع کر دیتے ہیں، جبکہ وارڈ سرونٹ ہسپتال سے انجیکشن لے جا کر محلے میں ہوم سروسز کی شکل میں اپنا جیب خرچ نکالتے ہیں۔ حد تو یہ ہے کہ میڈیکل اسٹورز، جن کا کام صرف تصدیق شدہ ادویات کی فراہمی ہے، وہ باقاعدہ شفا خانوں میں تبدیل ہو چکے ہیں، جہاں ادویات کی تبدیلی اور بلا ضرورت انجیکشنز تجویز کرنا روز کا معمول بن چکا ہے۔ یہاں تک کہ بعض کوالیفائیڈ ڈاکٹرز بھی اپنے کلینکس پر غیر حاضر رہ کر نااہل اور غیر مدرب عملے کو بٹھا دیتے ہیں، جو ان کے نام کی آر میں قانونی تحفظ حاصل کر کے مریضوں کی زندگیوں سے کھیلتے ہیں۔
اس تمام تر نام نہاد 'خدمت' کے پیچھے صرف اور صرف تجارتی مفاد اور بے لگام منافع خوری کارفرما ہے۔ ستر روپے کی ڈرپ میں چند انجیکشنز ملا کر خوش نما رنگ تیار کرنا اور مریض سے سات سو روپے وصول کر لینا ایک ایسا دھندا ہے جس کی مثال کسی اور کاروبار میں نہیں ملتی۔ رہی سہی کسر سوشل میڈیا اور ہوم سروسز نے پوری کر دی ہے، جہاں بغیر کسی خاص اہلیت، معیار یا قانونی اجازت کے، ادویات اور علاج کی دھڑلے سے تشہیر کی جا رہی ہے۔ لیکن ہمیں ایک لمحے کے لیے رک کر سوچنا ہوگا کہ فرسٹ ایڈ یا خدمت کے نام پر ہم خود کو اور اپنے پیاروں کو کس تباہی کی طرف دھکیل رہے ہیں۔
غیر ضروری انجیکشنز، بلاوجہ کی ڈرپس، غلط ادویات اور غیر مستند علاج معالجے کا نتیجہ یہ ہے کہ ہمارا معاشرہ روز بروز پیچیدہ اور نا قابلِ علاج طبی مسائل کا شکار ہوتا جا رہا ہے۔ انسانی جسم کوئی تجربہ گاہ نہیں ہے اور نہ ہی کوئی مریض کسی کا تجرباتی ماڈل ہو سکتا ہے۔ ہمیں یہ درک ہونا چاہیے کہ ہر طبی کام کے لیے مخصوص تعلیم، اعلیٰ تربیت، پیشہ ورانہ اہلیت اور قانونی جواز کا ہونا لازمی امر ہے۔ ابھی بھی وقت ہے کہ ہم اپنے رویوں پر نظرِ ثانی کریں، جس کام کے ہم اہل نہیں ہیں اسے فوراً چھوڑ دیں، اور صحت کو محض پیسہ کمانے کا ذریعہ بنانے کے بجائے ایک مقدس امانت سمجھیں۔
از قلم: عثمان احمد
(عوامی آگاہی کا پیغام — متفق ہیں تو شیئر کریں)